قید
قید ۔۔۔۔۔
قید ایسا لفظ ہے جس سے انسان کو کوئ خوشی نہیں ہو تی ۔قید میں رہنا کسے اچھا لگتا ہے ۔ہر انسان آزاد رہنا چاہتا ہے ۔قید و پابندی کسی انسان کو اچھی نہیں لگتی ۔
لیکن میں ایک حدیث کا حوالہ دونگی کہ دنیا مومن کے لیۓ ایک قید خانہ ہے ۔میں نے کئ بار یہ حدیث پڑھی تھی اور سرسری سے معنی بھی سمجھ آگۓ تھے ۔لیکن اسکا گہرائ سے کبھی غور نہیں کیا تھا کہ مومن کے لیۓ دنیا قید خانہ کیوں کہا گیا ۔
دراصل ایک سچا مومن نفس کے معاملہ میں کڑا ہوتا ہے ۔وہ کبھی نفس کو اپنے آپ پر غالب نہیں آنے دیتا ۔وہ پل صراط پر چلنے جیسی زندگی گزارنے کی کوشش کرتا ہے ۔اس کو صبر کرنا آتا ہے ۔وہ شکوہ شکایت نہیں کرتا ۔وہ اپنے آپ پر ہر گناہ کو حرام کرتا ہے ۔تب کہیں جا کے وہ مومن بن پا تا ہے ۔مسلمان اور مومن میں بس اتنا ہی فرق ہے ۔کہ مسلمان صرف زبانی مسلمان ہو تا ہے اور مومن عملی مسلمان ۔
تو بات ہو رہی تھی مومن کے لیۓ دنیا قید خانہ کی ۔۔
جب آپ کسی اچھے نیک انسان کو دیکھیں جو بیماری ،غریبی ،اولاد کے معاملہ میں آزمائش سے دوچار ہوں تو سمجھ جاییں کہ اللہ نے ان پر دنیا کیوں تنگ کی ہے ۔وہ اپنے بندو ں کو آخرت کے لیۓ تیار کرتا ہے ۔ان کا اجر آخرت میں ملتا ہے میں نے کئ مومنوں کو دیکھا جو باوجود نیک ہونے کے کئ آزما ئشوں میں گھر گۓ۔
ایک نیک خاتون تھیں انکے بچوں کے اوپر ایسی آزمائش آئ کہ وہ لوگ بنا کسی قصور کے پچیس سال قید میں رہے ۔ان خاتون کے دو بچوں کو پولس نے جھوٹے مقدمہ میں پھنسا لیا ۔اس وقت انکے بچے صرف بیس اکیس سال کے تھے ۔اور جب وہ رہا ہوۓ تو وہ تقریباً بوڑھے ہو گۓ تھے ۔کیونکہ پچیس سال کم نہیں ہو تے۔انکے بڑے بیٹے کو جیل میں ہی کینسر ہو گیا ۔لیکن یہ خاتون ثابت قدم رہیں اور تین بچوں کی ماں صرف ایک بچے کو لیۓ زندگی گذارنے لگیں ۔کئ لوگوں نے ان کے بچوں کی کردار کشی کی مگر یہ صبر کرتی رہیں ۔۔یہاں تک کہ انکے شوہر کا بھی انتقال ہوگیا ۔۔اور یہ دنیا کی قید میں اور انکے بچے حکومت کی قید میں رہے ۔
آخر پورے پچیس سال بعد ماں کی بے لوث دعا کے نتیجہ میں یہ بچے بے گناہ ثابت ہوۓ۔ اور جیل سے رہا ہوۓ۔ ان خاتون کا صبر صبر تھا ۔ایک وقت تھا دنیا انکے لیۓ بہت تنگ تھی لیکن اللہ تعالیٰ نے انکے لیۓ آسانی کردی ۔
بس اتنا ہی سمجھانا تھا کہ مومنوں کے لیۓ اللہ نے دنیا نہیں آخرت رکھی ہے ۔اس لیے مومن کے لیۓ دنیا قید خانہ کی طرح ہو گی۔ اللہ ہم سب کو سچا پکا مومن بنا دے۔
آمین ۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں